کراچی (اسٹاف رپورٹر)
محکمہ داخلہ سندھ میں سخت پابندیوں اور سیکیورٹی پروٹوکول کے باوجود ایجنٹوں کی آزادانہ آمد و رفت معمول بن چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایجنٹ دن کے اوقات میں تو محکمے میں سرگرم رہتے ہی ہیں، لیکن شام پانچ بجے کے بعد بھی دفتر کے اندر داخل ہو کر اپنے کام سرانجام دیتے ہیں، جو کہ سیکیورٹی پالیسی کی صریح خلاف ورزی ہے۔
محکمے کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار ایجنٹوں کو روکنے کے بجائے انہیں اندر جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ یہ سلسلہ اس وقت زیادہ واضح ہوتا ہے جب دفاتر بند ہونے کے بعد بھی ایجنٹ اندر موجود رہتے ہیں اور اسلحہ لائسنس سے متعلقہ انٹریز سمیت دیگر معاملات میں سرگرم پائے جاتے ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایجنٹوں کی یہ سرگرمیاں بعض افسران کی سرپرستی میں جاری ہیں، جس کے باعث محکمہ داخلہ میں جاری شفافیت کے دعوے مشکوک ہوتے جا رہے ہیں۔
محکمانہ پالیسی کے مطابق شام پانچ بجے کے بعد عام افراد یا ایجنٹوں کا داخلہ سختی سے ممنوع ہے، لیکن اس کے باوجود یہ سلسلہ کھلے عام جاری ہے۔
Leave feedback about this